حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ اعرافی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر علم و تحقیق کے میدان میں حوزہ علمیہ کی مؤثر موجودگی ایک بنیادی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے پوری قوت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
حوزہ علمیہ کی دینی تحقیقات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے اور عالمی علمی مراکز میں اس کی علمی حیثیت بہتر بنانے کے لیے حوزہ علمیہ کے شعبہ تحقیق اور اسلامی دنیا کے سائنس و ٹیکنالوجی کے جائزے اور نگرانی کے ادارے ISC کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اس معاہدے کے ذریعے حوزہ علمیہ کی اہم تحقیقی کاوشوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے، انہیں عالمی علمی فہرستوں میں شامل کرنے اور تحقیقی کام کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے عالمِ اسلام میں حوزہ علمیہ کی علمی حیثیت مضبوط کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
آیت اللہ اعرافی نے اس معاہدے کو اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حوزہ علمیہ کے پاس بہت بڑا علمی سرمایہ اور بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود دنیا کے علمی اور فکری حلقوں میں حوزہ کی موجودگی اس سطح کی نہیں ہے جس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ کی تحقیقات اور علمی کامیابیاں بین الاقوامی میگزین، یونیورسٹیوں، مختلف زبانوں اور جدید سائنسی و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں اس طرح سامنے نہیں آ رہیں جس طرح آنی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے علمی مراکز اور یونیورسٹی میں حوزہ علمیہ اور اس کی علمی کامیابیوں کو بہتر انداز میں پیش کرنا ایک اہم حکمتِ عملی ہے، جس پر پوری توجہ کے ساتھ عمل کرنا چاہیے۔
آیت اللہ اعرافی نے شعبہ تحقیق کو دیگر متعلقہ شعبوں، خاص طور پر بین الاقوامی امور کے شعبے کے تعاون سے اس مقصد کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی، تاکہ اساتذہ اور محققین کی مدد سے حوزہ علمیہ کی عالمی سطح پر علمی موجودگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔









آپ کا تبصرہ